حزب اللہ نے کہا کہ امریکی ثالثی میں اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی تین ہفتوں کے لیے بڑھانا بے معنی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب اسرائیلی حملے میں دو افراد کی ہلاکت ہوئی ہے اور حزب اللہ نے ایک اسرائیلی ڈرون کو بھی مار گرایا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی اور لبنانی سفیروں کی میزبانی کے بعد جنگ بندی میں تین ہفتے کی توسیع کا اعلان کیا تھا۔ لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ اتوار کو ختم ہونے والا تھا۔
توسیع کے جواب میں حزب اللہ کے قانون ساز علی فیاض نے کہا کہ اس بات کی نشاندہی کرنا ضروری ہے کہ اسرائیل کی جانب سے دشمنانہ کارروائیوں بشمول قتل و غارت، گولہ باری اور گولیاں چلانے کی روشنی میں جنگ بندی بے معنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر اسرائیلی حملہ مزاحمت کو متناسب جواب کا حق دیتا ہے۔ حزب اللہ جنگ بندی معاہدے کا فریق نہیں ہے اور اس نے اسرائیل کے ساتھ لبنان کے آمنے سامنے رابطوں پر سخت اعتراض کیا ہے۔

