ڈیرہ مرادجمالی،شدید گرمی کے باوجود طویل لوڈشیڈنگ عوام کیلئے ناقابل برداشت ہو چکی ہے،میر امداد حسین مری

ڈیرہ مراد جمالی (این این آئی)ڈیرہ مراد جمالی کی امن کمیٹی کے رکن اور چیئرمین شہری ایکشن کمیٹی میر امداد حسین مری کی زیر صدارت ضلعی مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹریٹ میں عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع نصیرآباد اور ڈیرہ مراد جمالی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی، بائی پاس روڈ کی تعمیر میں تاخیر اور دیگر بنیادی مسائل تفصیل سے زیر غور آئے۔ مقررین نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود طویل لوڈشیڈنگ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو چکی ہے جبکہ پانی کی قلت نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر اندر ان مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے سخت عوامی ردعمل دیا جائے گا۔اجلاس میں انجمن تاجران و دکانداران کے جنرل سیکریٹری مختیار احمد قادری، مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر خان جان بنگلزئی، ہندو برادری کے رہنما سترام داس پہوجہ، کرین پارٹی کے حفیظ الرحمن، پاکستان سنی تحریک کے صوبائی چیئرمین مولانا نواب دین ڈومکی، نیشنل پارٹی کے رہنما محمد شریف ابڑو سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔شرکاء نے وفاقی وزیر پانی و بجلی، کیسکو اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ نصیرآباد، جو ایشیا کے گرم ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے، میں فوری طور پر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں