کوئٹہ(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی رہنما سید جہانگیرشاہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان میں صوبائی صدر شیخ جعفرخان مندوخیل کی قیادت میں عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کر رہی ہے کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ(ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی،پارٹی کارکن آمریت کے خلاف جدوجہد کرنے پرمرحوم محترمہ کلثوم نواز کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں اورانکی پارٹی اور ملک کیلئے خدمات کو ہمیشہ سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سیدجہانگیر شاہ نے کہا کہ ملک میں آمریت کے دورمیں جب پارٹی قیادت زیر عتاب تھی تو پارٹی کی رہنما مرحوم محترمہ کلثوم نواز نے نہ صرف آمریت کے خلاف آواز بلند کی بلکہ پارٹی کوفعال اور منظم بنانے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کیا جن کی قربانیوں کی بدولت پاکستان مسلم لیگ(ن) ملک بھر میں فعال اور منظم ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے کارکن محترمہ کلثوم نواز کو انکی قربانی اور جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اسوقت گورنر بلوچستان و مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفرخان مندوخیل کی قیادت میں پارٹی عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کر رہی ہے اور مسلم لیگ(ن) سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی،پارلیمانی سیکرٹری نوابزادہ زین خان مگسی، رکن بلوچستان اسمبلی زرک خان مندوخیل اوردیگر عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں اور بلوچستان کے عوام انکی کارکردگی سے خوش اور مطمئن ہیں۔ سید جہانگیر شاہ نے کہا کہ بلوچستان میں مخلوط حکومت کے قیام کے وقت پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کے درمیان اڑھائی اڑھائی سال کا معاہدہ ہوا تھا اورا نشاء اللہ اگست کے بعد بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) کا وزیراعظم ہوگااور پارٹی کے صوبائی صدر شیخ جعفرخان مندوخیل جس کو وزیراعلیٰ نامزد کریں گے وہ ہمیں قابل قبول ہوگا اور پارٹی ورکروں کی مسلم لیگ(ن) کی مرکزی قیادت اور صوبائی صدر شیخ جعفرخان مندوخیل سے اپیل ہے کہ وہ کسی نوجوان رکن اسمبلی کو وزرات اعلیٰ کیلئے نامزدکریں تاکہ بہتر طریقے سے عوام اور صوبے کی خدمت کرسکے۔

