کوئٹہ(این این آئی) امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی ہدایت پر ڈی ایچ او گوادر ڈاکٹر یاسر بلوچ نے ہسپتال کا دورہ کیا جہاں بڑی مقدار میں ادویات فراہم کی گئیں جبکہ ایک نئیECGمشین اور کارڈیک مانیٹر بھی مہیا کیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ دورے کے دوران ان آلات کی فراہمی کاوعدہ کیاگیاتھاجو اب پورا کر دیا گیا ہے۔ڈی ایچ او نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ڈاکٹروں کے ساتھ خصوصی نشست بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت دی کہ آر ایچ سی میں شام اور رات کے اوقات میں پیرامیڈیکل اسٹاف کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی جبکہ ایمرجنسی کے لیے ایک نئے ڈاکٹر کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔ دورے کے موقع پر اے ڈی ایچ او جیونی ڈاکٹر ادریس، ڈاکٹر شیردل اور پی ایس ٹو ایم پی اے برائے جیونی امام دلوش بھی موجود تھے۔ عوامی حلقوں نے جیونی میں صحت کی سہولیات خصوصاً ادویات کی فراہمی پر ایم پی اے اور ڈی ایچ او کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔

