کوئٹہ(این این آئی) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کوئٹہ عمران شوکت نے سندھ سے آئے ہوئے ٹرینی ڈی ایس پیز کے وفد کو کوئٹہ کے موجودہ سیکیورٹی حالات کے تناظر میں جامع بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران ڈی آئی جی عمران شوکت نے افسران کو پولیس کے پیشہ ورانہ فرائض، امن و امان کے قیام میں درپیش چیلنجز اور عوامی سہولیات کی فراہمی سے متعلق اہم ہدایات دیں۔ انہوں نے بلوچستان میں ہونے والے مختلف دھماکوں اور آپریشنز کے دوران پولیس کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا۔ٹرینی ڈی ایس پیز نے بریفنگ کے دوران مختلف امور پر سوالات کیے، جن کے ڈی آئی جی کوئٹہ نے تفصیلی اور تسلی بخش جوابات دیے۔ اس موقع پر انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدید تقاضوں کے مطابق تربیت یافتہ افسران ہی عوام کا اعتماد بحال رکھنے اور مؤثر پولیسنگ کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔بریفنگ کے اختتام پر ٹرینی افسران نے سیشن کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں گے اور عوام کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گے۔ آخر میں وفد کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

