ڈیرہ بگٹی: امن و امان کے قیام کیلئے ہر کالونی میں ایگل اسکواڈ کا آغاز

ڈیرہ بگٹی(رپورٹر) عوام کی جان و مال کے تحفظ اور شہر میں امن و امان کی فضا کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ایس پی ڈیرہ بگٹی ضیاء الحق مندوخیل نے شہر کی ہر کالونی کیلئے باقاعدہ ایگل اسکواڈ کا افتتاح کر دیا۔ اس اقدام کا مقصد جرائم کی روک تھام، فوری رسپانس اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔
افتتاحی موقع پر ڈی ایس پی سرکل سوئی محمد خالد بزدار، ایس ایچ او سٹی جلاب خان بگٹی، ایس ایچ او صدر شوکت علی بگٹی سمیت پولیس افسران، جوانوں اور ایگل ٹیموں نے شرکت کی۔
ایس پی ڈیرہ بگٹی ضیاء الحق مندوخیل نے خود پولیس ٹیموں کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں اور اہم مقامات کا دورہ کیا، جہاں سکیورٹی انتظامات، گشت کے نظام اور نفری کی موجودگی کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایگل اسکواڈ کے قیام سے جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی جبکہ ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن بنائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ بگٹی پولیس عوام کی خدمت، امن کے قیام اور قانون کی بالادستی کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
شہری حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ایگل اسکواڈ کی تعیناتی سے شہر میں امن و سکون مزید بہتر ہوگا اور عوام خود کو زیادہ محفوظ محسوس کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں