صوبائی حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے، حلقہ پی بی 44 میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا گیا ہے،میر عبید اللہ گورگیج

کوئٹہ(این این آئی) رکن بلوچستان اسمبلی حلقہ پی بی 44 اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میر عبید اللہ گورگیج نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سنجیدہ اور عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مؤثر پالیسیوں کے باعث صوبے میں ترقیاتی کاموں کا دائرہ وسیع ہو رہا ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی 44 میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، تعلیمی اداروں کی بہتری اور صحت کے مراکز کی اپ گریڈیشن جیسے اہم منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف علاقے کی پسماندگی کا خاتمہ ہوگا بلکہ مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔میر عبید اللہ گورگیج نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے اور ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ وسائل کو منصفانہ انداز میں استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اسی وڑن کے تحت ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔انہوں نیکہا کہ ملکی استحکام اور معاشی بہتری کیلئے موجودہ حکومت کی پالیسیاں درست سمت میں گامزن ہیں، اور اگر اسی تسلسل کے ساتھ کام جاری رہا تو پاکستان جلد ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ترقی کا یہ سفر مزید تیز کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں