مدارس پر غیر ضروری دباؤ ڈالنے اور بعض مدارس کو سیل کیے جانے جیسے اقدامات قطعی طور پر ناقابلِ قبول اور مدارس کی خودمختاری پر حملہ ہیں،مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ(این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، مولانا خورشید احمد، مفتی محمد روزی خان۔ مولانا حفیظ اللہ، مولانا محمد سلیمان، حافظ دوست محمد مدنی، مولانا عبدالبصیر، حافظ رشید احمد، شیخ مولانا عبدالاحد نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے دینی مدارس کو BCRA کے تحت رجسٹریشن پر مجبور کرنا قانون کی پامالی ہے، صدر مملکت کے دستخط اور قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور شدہ بل کا تقاضا ہے کہ فوری طور پر صوبوں میں قانون سازی پر عملدرآمد ہو، انہوں نے کہا کہ مدارس پر غیر ضروری دباؤ ڈالنے اور بعض مدارس کو سیل کیے جانے جیسے اقدامات قطعی طور پر ناقابلِ قبول اور مدارس کی خودمختاری پر حملہ ہیں، جس کے خلاف لائحہ عمل طے کرنے کے لیے بروز جمعرات، 30 اپریل، صبح 10:00 بجے بمقام محمدی مسجد سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ، ضلع بھر کے تمام جامعات و مدارس کا ایک نہایت اہم اور ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس اسلام کے قلعے ہیں اور ان کے خلاف کسی بھی قسم کی انتقامی کارروائی کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا، لہٰذا ضلع کوئٹہ کے تمام معزز مہتممین، ناظمین اور شیوخ الحدیث سے پرزور گزارش ہے کہ وہ اس دینی و ملی فریضے کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے اجلاس میں بروقت شرکت فرمائیں تاکہ متحد ہو کر مدارس کے تحفظ اور بقا کے لیے ایک ٹھوس اور مشترکہ لائحہ عمل مرتب کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں