صحبت پور ( عطا محمد کھوسہ ) رئیس اللہ ڈنہ منگریو نے یوم مزدور کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدور کسی بھی ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کے حقوق کا تحفظ اور ان سے یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ “آج ہم یکم مئی یوم مزدور منا رہے ہیں، مگر افسوس کہ ملک کا محنت کش طبقہ آج بھی مہنگائی، بے روزگاری اور کم اجرت جیسے مسائل کا شکار ہے۔ جب تک مزدور کو اس کی محنت کا پورا معاوضہ، باعزت روزگار اور سماجی تحفظ نہیں ملے گا، ترقی کے تمام دعوے بے معنی ہیں۔”رئیس اللہ ڈنہ منگریو کا کہنا تھا کہ اساتذہ اور مزدور دونوں ہی قوم کے معمار ہیں۔ ایک نسل سازی کرتا ہے تو دوسرا ملکی تعمیر میں اپنا خون پسینہ بہاتا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ مزدوروں کی کم از کم اجرت میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرے، چائلڈ لیبر کا خاتمہ کرے اور ورکرز کے لیے صحت و تعلیم کی سہولیات یقینی بنائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تنظیم اساتذہ پاکستان ملک بھر کے محنت کشوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ آئی ایل او کنونشنز پر عمل درآمد کر کے مزدوروں کو ان کے آئینی حقوق دیے جائیں۔
آخر میں انہوں نے تمام اساتذہ اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ یوم مزدور کے موقع پر محنت کی عظمت کو اجاگر کریں اور معاشرے میں محنت کشوں کے وقار کو بحال کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔مزیدانھوں نے کہا کہ آئے روز تعلیمی اداروں میں تعلیم کی اہمیت پر سرکار توجہ نہیں کرتی اور اسی طرح مزدور کی بھی حیثیت سے ناواقف ہے یہی ان کی غفلت ہے غفلت ہی بربادی کی علامت ہے

