سبی(رپورٹر) یومِ مزدور (لیبر ڈے) کے موقع پر میونسپل کمیٹی ہال سبی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں میونسپل کمیٹی، کیسکو، پیپلز ریلوے اور محکمہ ڈاک کے ملازمین سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا مقصد مزدوروں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور ان کے مسائل کو اجاگر کرنا تھا۔تقریب کے آغاز میں شرکاء نے شکاگو کے شہداء کو سرخ سلام پیش کرتے ہوئے ان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور مزدوروں کے حقوق کی جدوجہد کو سراہا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ شکاگو کے مزدوروں کی قربانیاں دنیا بھر کے محنت کشوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جنہوں نے اپنے حقوق کے حصول کے لیے تاریخ رقم کی مقررین نے کہا کہ موجودہ دور میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے مزدور طبقے کے ساتھ ساتھ تنخواہ دار طبقے کو بھی شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث مزدوروں کے لیے اپنے گھروں کا نظام چلانا مشکل ہو چکا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت فوری طور پر عملی اقدامات کرے تاکہ مزدور طبقے کو ریلیف فراہم کیا جا سکے مقررین نے اداروں کی ممکنہ نجکاری پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی صورت اداروں کی نجکاری قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ادارے عوامی ملکیت ہیں اور ان کی نجکاری سے نہ صرف ملازمین کا مستقبل خطرے میں پڑے گا بلکہ عوام کو بھی بنیادی سہولیات سے محرومی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مزدور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کریں گے اور اس حوالے سے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا انہوں نے حکومتِ وقت سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے خاطر خواہ اضافہ کیا جائے اور مزدوروں کو د رپیش دیگر مسائل کے حل کے لیے ٹھوس پالیسی مرتب کی جائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مزدور کسی بھی معاشرے کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، لہٰذا ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی ترقی، مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

