اوستہ محمد میں یومِ مزدور تقریب، حقوق اور اتحاد پر زور

اوستہ محمد ( عابدعلی)اوستہ محمد میں یکم مئی یومِ مزدور کے موقع پر بلوچستان لیبر فیڈریشن ضلع اوستہ محمد کے زیرِ اہتمام نور محل میرج ہال میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ضلعی صدر محمد پناہ چانڈیو نے کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی انجمن تاجران آغا رحیم گروپ کے ضلعی صدر عبدالجبار تنیو تھے، جبکہ چیف گیسٹ میئر میونسپل کارپوریشن میر مظفر خان جمالی تھے۔ اعزازی مہمان کے طور پر میر فاروق خان جمالی نے شرکت کی۔
اس موقع پر انجمن تاجران، ملز ورکرز یونین، بزگر کمیٹی، کمیونسٹ پارٹی، پبلک ہیلتھ لیبر یونین، درزی یونین، فرنیچر یونین، سبزی ریڑی یونین، میونسپل کارپوریشن ایمپلائز یونین سمیت مختلف تنظیموں کے نمائندگان اور رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر فاروق خان جمالی، میر مظفر خان جمالی، عبدالجبار تنیو، اسسٹنٹ کمشنر عبدالقیوم ، محمد پناہ چانڈیو، مغیم خان جمالی عبدالخالق بنگلزئی، سید بچل شاہ، نادر علی رڈ، عزیز اللہ جمالی، رحم علی، کامریڈ طفیل احمد جمالی، کامریڈ محمد حفیظ جمالی، میڈم نور جہاں میمن، غلام مصطفیٰ آرائیں، غلام عباس جمالی اور دیگر مقررین نے کہا کہ یومِ مزدور ہمیں ان محنت کشوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے حقوق کے حصول کے لیے تاریخی جدوجہد کی۔
مقررین نے شکاگو کے مزدور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مزدور طبقہ کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتا ہے، مگر افسوس کہ آج بھی یہ طبقہ اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے مزدوروں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مزدور طبقے کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور ان کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ تقریب کے اختتام پر مزدوروں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں