آزاد ی صحافت و آزادی اظہار رائے کسی بھی ملک اور سماج کی ترقی کی ضامن سمجھی جاتی ہے، میرصادق عمرانی

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں ذرائع ابلاغ کے تمام نمائندوں اور خصوصاً عامل صحافیوں کو خراج تحسین پیش کی ہے، صوبائی وزیر آبپاشی نے کہا کہ آزاد ی صحافت اور آزادی اظہار رائے کسی بھی ملک اور سماج کی ترقی کی ضامن سمجھی جاتی ہے، میڈیا کی اہمیت اور افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے ریاست کا چوتھا ستون قرار دیا گیا ہے لہذا زرائع ابلاغ کے شعبے سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز اور خصوصاً صحافی حضرات اپنے پیشے کی اہمیت اور ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے پیشہ وارانہ امور کو ذمہ داری سے انجام دیں تاکہ مثبت اور تعمیری صحافت کے ذریعے معاشرے میں سدھار پیدا ہوسکے، انہوں نے کہا کہ ہر سال 3 مئی کو یوم عالمی آزادی صحافت دن کے منائے جانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ پوری دنیا میں میڈیا یعنی صحافت کی خدمات کو یاد کیا جائے، یہ دن ہمیں میڈیا کی آزادی کی اہمیت کے بارے میں بتاتا ہے اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے آواز اٹھانے کا جذبہ دیتا ہے, میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ بلوچستان میں صحافیوں نے مشکل حالات میں کام کرتے ہوئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کیا، انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے اور وہ بطور سیاسی کارکن آزاد ذمہ دار صحافت کو فروغ دینے کیلئے ہمیشہ تعاون جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں