خاران(این این آئی) صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے ڈپٹی کمشنر خاران منیر احمد سومرو کے ہمراہ ٹیچنگ ہسپتال خاران، زیرِ تعمیر بی آر سی (BRC) خاران اور ڈی آئی جی آفس خاران کا دورہ کیا، وہاں انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں اور عوامی سہولیات کا جائزہ لیا۔ٹیچنگ ہسپتال خاران کے دورے کے دوران ایم ایس ڈاکٹر مشتاق مہیم نے مختلف شعبہ جات سے متعلق صوبائی وزیر خزانہ کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے مریضوں سے ملاقات کی، اور ان کی خیریت دریافت کی۔ مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے معیار کا جائزہ لیا۔ ایکسیئن اربن پلاننگ منیر احمد نے بی ایس ڈی آئی فیز ٹو کے تحت جاری ترقیاتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے ہسپتال میں طبی عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح قرار دیا اور ہسپتال کے مختلف وارڈز کے لیے چار ائیر کنڈیشنرز سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے زیرِ تعمیر بی آر سی خاران کا دورہ کیا، جہاں ایکسیئن بلڈنگ قاضی بلال نے منصوبے کی پیش رفت اور معیارِ تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے گا، کیونکہ اس طرح کیتعلیمی ادارے علاقے میں معیاری تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس کے علاوہ صوبائی وزیر نے ڈی آئی جی آفس خاران کے زیرِ تعمیر منصوبے کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایس پی خاران عبدالسلام کاکڑ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایکسیئن بلڈنگ قاضی بلال نے یہاں بھی تعمیراتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے کام کے معیار اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہا۔ دورے کے اختتام پر صوبائی وزیر خزانہ، ڈپٹی کمشنر خاران اور دیگر حکام نے شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اس نوعیت کے ترقیاتی منصوبے ادارہ جاتی بہتری اور عوام کو مؤثر خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

