پسنی (این این آئی)فشریز ڈیپارٹمنٹ پسنی کی جانب سے تحصیل پسنی کے ماہی گیروں کے لیے گرین بوٹس تقسیم کی گئیں۔ اس سلسلے میں فشریز آفس پسنی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں تحصیل پسنی کے بیس ماہی گیروں میں بذریعہ قرعہ اندازی گرین بوٹس بمعہ انجن تقسیم کرنے کا عمل انجام دیا گیا۔تقریب میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز (میرین) شاہزیب صادق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز (ایڈمن) میر آصف رند، نائب تحصیلدار پسنی عبدالرحمان، سیاسی و سماجی شخصیت میر سلمان کلمتی، پرویز سفر، کے بی ارمان، ماہی گیر رہنما عزیز اسماعیل، عنایت مہر، عمر عرضو سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔قرعہ اندازی کے نتیجے میں پسنی کے 12، کلمت کے 4 جبکہ کپر اور چربندن کے 2، 2 خوش نصیب ماہی گیروں کے نام سامنے آئے۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز شاہزیب صادق نے کہا کہ گرین بوٹس کی قرعہ اندازی مقامی ماہی گیروں اور انتظامیہ کی موجودگی میں شفاف طریقے سے کی گئی ہے، اور ضروری کوائف کی تکمیل کے بعد گرین بوٹس بمعہ انجن خوش نصیب ماہی گیروں کے حوالے کی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ فشریز ڈیپارٹمنٹ کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ مقامی ماہی گیروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ گرین بوٹس کی فراہمی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس کا مقصد ماہی گیروں کی فلاح و بہبود اور ان کے روزگار کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ آئندہ بھی ماہی گیروں کی بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔

