لبنان میں کوئی جنگ بندی نہیں ہے، حزب اللہ کا اسرائیل کو دو ٹوک پیغام

حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ لبنان میں کسی قسم کی جنگ بندی موجود نہیں کیونکہ اسرائیل کی جانب سے حملے بدستور جاری ہیں۔

اپنے بیان میں نعیم قاسم کا کہنا تھا کہ لبنان میں بفر زون (محفوظ پٹی) بنانے کی باتیں بے بنیاد ہیں اور ایسا کوئی علاقہ نہ پہلے موجود تھا اور نہ آئندہ قائم ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ لبنان کی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

حزب اللہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ لبنان کو اپنی سیکیورٹی کے لیے ٹھوس ضمانتیں درکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا گروپ اسرائیل کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کا حامی ہے، تاہم براہ راست مذاکرات کو انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم کے لیے غیر ضروری رعایت قرار دیا۔

نعیم قاسم نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ حزب اللہ اپنی مسلح مزاحمت جاری رکھے گی تاکہ اسرائیل کو لبنان میں کسی قسم کی مضبوط موجودگی قائم کرنے سے روکا جا سکے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں مزاحمت ہی لبنان کے دفاع کی بنیادی حکمت عملی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے اور لبنان-اسرائیل سرحد پر حالات مزید بگڑنے کا خدشہ موجود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں