کوئٹہ،پرائس کنٹرول کی خلاف ورزی پر 20افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا گیا

کوئٹہ(این این آئی) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات پر شہر کے مختلف علاقوں میں پرائس کنٹرول کے تحت تندوروں اور گوشت فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں اس موقع ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پرنس روڈ، گوالمنڈی چوک، قلندر مقام، نواں کلی، ائیرپورٹ روڈ اور عالمو چوک میں سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے خصوصی چیکنگ کی گئی۔اور پرائس کنٹرول کی خلاف ورزی پر 20افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا گیا تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) کوئٹہ محمد امیر حمزہ کی نگرانی میں کارروائیوں کے دوران تندوروں اور گوشت کی دکانوں کا معائنہ کیا گیا۔ سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی پر 14 افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا گیا جبکہ متعدد دکانداروں کو سرکاری نرخنامے پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات جاری کی گئیں۔دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر (صدر) محمد یوسف ہاشمی نے نواں کلی، ائیرپورٹ روڈ اور عالمو چوک کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی اور دیگر بے ضابطگیوں پر مزید 6 افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کیا جبکہ 3 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوامی شکایات کے ازالے اور اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے شہر بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں