کوئٹہ(این این آئی) چمن میں پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی۔پولیس کے مطابق گزشتہ شب تھانہ سٹی چمن کی موبائل پارٹی معمول کے گشت پر تھی کہ گلدار باغیچہ کے قریب ایک مشکوک موٹر سائیکل کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم سواروں نے فرار ہونے کی کوشش کی جس پر ایگل اسکواڈ کو اطلاع دی گئی اطلاع ملنے پر ایگل اسکواڈ نے تعاقب کیا اور بارڈر روڈ پر ملزمان کا سامنا ہوا جہاں انہوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل محمد سلیم ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی میں دونوں ملزمان زخمی ہوئے جنہیں سول ہسپتال چمن منتقل کیا گیا جہاں ایک ملزم عبدالباری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا ملزم محمد یونس زیر علاج ہے۔پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

