کوئٹہ(این این آئی) محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں شدید گرم اور خشک موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ میدانی اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ چند بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور گرد آلود ہواؤں کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں پیر کو گرم اور خشک موسم برقرار رہا، جبکہ سبی، نصیرآباد ڈویژن، کیچ، گوادر اور لسبیلہ سمیت میدانی علاقوں میں شدید گرمی اور لو چلتی رہی۔رپورٹ کے مطابق ژوب، شیرانی، بارکھان اور موسیٰ خیل میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے، جبکہ صوبے کے بیشتر علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں براعظمی ہوائیں غالب ہیں جبکہ بالائی علاقوں میں مغربی ہواوں کا سسٹم اثر انداز ہو رہا ہے، جس کے باعث موسم میں یہ تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کہیں بھی بارش ریکارڈ نہیں کی گئی، تاہم سب سے زیادہ درجہ حرارت لسبیلہ میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ تربت 44.5، سبی 44 اور گوادر میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں، دھوپ سے بچاؤ کے اقدامات کریں اور پانی کا زیادہ استعمال یقینی بنائیں، جبکہ کاشتکاروں کو بھی موسمی صورتحال کے مطابق فصلوں اور مویشیوں کی دیکھ بھال کی ہدایت کی گئی ہے۔

