تربت(این این آئی) یونیورسٹی آف تربت میں یورپی کمیشن کے مالی تعاون سے جاری ایراسمس پلس، سی بی ای RAPID منصوبے کے تحت ایک جدید ترین اسمارٹ کلاس روم قائم کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کی سربراہی سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کر رہی ہے جبکہ اس کے پروجیکٹ کوآرڈینیٹر سکھر آئی بی اے کے پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد شاہانی ہیں۔اس منصوبے کا بنیادی مقصد جدید ٹیکنالوجی کو تدریسی نظام میں شامل کرکے آن لائن اور فاصلاتی تعلیم کو فروغ دینا کے علاوہ اساتذہ و طلبہ کی ڈیجیٹل صلاحیتوں میں اضافہ کرناہے۔ یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ اسمارٹ کلاس روم جدید ڈیجیٹل سہولیات سے آراستہ ہے جن میں 86 انچ کا آئیڈیا ہب، چھ مائیکروفونز، انٹرایکٹو وائٹ بورڈ، ای لرننگ ٹولز، ورچوئل ڈیسک ٹاپ، مرکزی انٹرایکٹو کنٹرول سسٹم اور ڈیجیٹل امیج اسٹیبلائزیشن سے مزین لائیو ویڈیو کی جدیت ترین سہولیات شامل ہیں۔ یہ ڈیجیٹل سہولیات ورچوئل اور آن لائن کلاسز کے موثر انعقاد کو ممکن بنانے کے علاوہ تربت یونیورسٹی میں ایک جامع اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ تعلیمی ماحول کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار اداکرے گی۔اس اسمارٹ کلاس روم کا باقاعدہ افتتاح ڈپٹی چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کیچ، ایڈووکیٹ باہڑ جمیل دشتی نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں پارٹنر یونیورسٹیز بشمول لمز، آئی بی اے کراچی اور سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے نمائندوں کے علاوہ میئر تربت، یونیورسٹی کے اساتذہ کرام، انتظامی عملہ اور ایم فل و پی ایچ ڈی اسکالرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب کی نظامت ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر ریاض احمد نے کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے یورپین کمیشن اور پارٹنر یونیورسٹیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس منصوبے کی کامیاب تکمیل کو تربت یونیورسٹی کے لئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ مسلسل راہنمائی اور تعون فراہم کرنے پرانہوں نے بالخصوص پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد شاہانی کوخراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے نہ صرف اس منصوبے کو یونیورسٹی آف تربت میں لانے میں کلیدی کردار ادا کیا بلکہ بین الاقوامی تحقیقی مواقع تک رسائی، فنڈنگ کے حصول، اور فیکلٹی اور اسٹاف کی بیرون ملک تربیت میں بھی بھرپور تعاون فراہم کیا۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ یہ اسمارٹ کلاس روم تربت یونیورسٹی میں تدریسی معیار کومزید بہتر بنانے اور انٹرایکٹو اور ورچوئل لرننگ کو فروغ دینے کے علاوہ طلبہ کو عالمی معیار کے ڈیجیٹل تعلیمی سہولیات تک رسائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے پر معززمہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تقریب کے کامیاب انعقاد پر یونیورسٹی کی آئی ٹی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منظور علی میرانی اور پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد شاہانی نے منصوبے کے پس منظر اور مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ اس جدید سہولت کے قیام کے بعد یونیورسٹی آف تربت اب ملک کی ممتاز جامعات کے ہم پلہ آن لائن، فاصلاتی اور ای لرننگ پروگرامز شروع کرنے کی قابل ہوگئی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر منظور علی میرانی نے بلوچستان کے طلبہ کے لیے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں دستیاب مفت تعلیمی مواقع کا بھی ذکر کیا۔ جبکہ پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد شاہانی نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت اسمارٹ کلاس روم کے قیام کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی آف تربت کے چار اساتذہ وانتظامی عملہ کے استعداد کار کو بڑھانے کے لئے یورپین کمیشن کی جامعات میں تربیت کے لیے بھی بھیجا گیا ہے۔ترجمان تربت یونیورسٹی کے مطابق پارٹنر یونیورسٹیوں کے اساتذہ، سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد دادوپوتا، لمز کے پروفیسر ڈاکٹر زبیر خالد، اور آئی بی اے کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر شاہد حسین نے تقریب میں آن لائن شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یونیورسٹی آف تربت کی ترقی کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کیچ ایڈووکیٹ باہڑ جمیل دشتی اور میئر تربت بلخ شیر قاضی نے خطے میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تربت یونیورسٹی کو ایک قومی اثاثہ قرار دیا اور یونیورسٹی کی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے معزز مہمانوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔

