تفتان (این این آئی) تفتان میں شجرکاری مہم کے تحت ایک مثبت اور ماحول دوست اقدام کا آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں کلیکٹر کسٹم محمد داؤد پیرزادہ، ڈپٹی کلیکٹر کسٹم میر مقبول احمد قلندرانی، ڈپٹی کمشنر چاغی جہانزیب نور شاہوانی، ڈپٹی کلیکٹر کسٹم دوئم اختر امین، اسسٹنٹ کمشنر تفتان نعیم قاسم شاہوانی اور انسیکٹر کسٹم حسام بلوچ نے مشترکہ طور پر کسٹم کمپلیکس، کسٹم ہاؤس اور اے سی آفس کے احاطے میں پودے لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر افسران نے شجرکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ درخت نہ صرف ماحول کو خوبصورت بناتے ہیں بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کو کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تفتان جیسے گرم اور خشک علاقے میں درخت لگانا ناگزیر ہو چکا ہے تاکہ درجہ حرارت میں کمی لائی جا سکے اور عوام کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔افسران کا کہنا تھا کہ شجرکاری محض ایک وقتی سرگرمی نہیں بلکہ ایک مسلسل قومی ذمہ داری ہے، جس میں ہر شہری کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ لگائے گئے پودوں کی باقاعدہ دیکھ بھال یقینی بنائی جائے تاکہ یہ پودے مستقبل میں تناور درخت بن سکیں۔

