کوئٹہ(این این آئی)اسپیکر صوبائی اسمبلی بلوچستان کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی سے ان کے دفتر میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں جاری اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ڈائریکٹر جنرل ریجنل بی آئی ایس پی ڈاکٹر جلال فیض اور ڈائریکٹر جنرل انٹرنل آڈٹ رومانہ گل کاکڑ نے اسپیکر کو مستحق اور کمزور طبقات کے لیے جاری پروگرامز سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بے نظیر کفالت پروگرام، نشونما پروگرام، تعلیمی وظائف، رجسٹریشن و تصدیق، شکایات کے ازالے اور دور دراز علاقوں میں سروس ڈیلیوری سے متعلق اقدامات شامل تھے۔اس موقع پر اسپیکر نے پروگرام کی کوریج، مستحق خاندانوں کی سہولت، شفاف رجسٹریشن، خواتین کی رسائی اور شکایات کے نظام سے متعلق سوالات کیے، جن کے وفد نے جوابات دیے۔اسپیکر عبدالخالق خان اچکزئی نے بی آئی ایس پی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام کم آمدنی والے گھرانوں اور کمزور طبقات کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے سروس ڈیلیوری اور شفافیت مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈائریکٹر جنرلز نے اسپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی صوبے میں سروس ڈیلیوری اور عوامی رسائی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔

