ہیڈماسٹر کی بھرتیاں صرف حکومت بلوچستان کے مروجہ قواعد 2020 اور متعلقہ اشتہار میں درج معیار کے مطابق کی جائیں گی، وفاقی آئینی عدالت

کوئٹہ (این این آئی) وفاقی آئینی عدالت پاکستان کے ڈویڑن بنچ نے بلوچستان میں ہائی اسکول ہیڈ ماسٹرز کی آسامیوں سے متعلق کیس نمٹاتے ہوئے قرار دیا ہے کہ بھرتیاں صرف حکومتِ بلوچستان کے مروجہ قواعد 2020 اور متعلقہ اشتہار میں درج معیار کے مطابق کی جائیں گی، جبکہ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے شامل کردہ اضافی شرائط قابلِ اطلاق نہیں ہوں گی۔درخواست گزار کے وکیل امان اللہ کنرانی کے مطابق وفاقی آئینی عدالت جسٹس سید حسن رضوی اور جسٹس سید ارشد حسین شاہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل امان اللہ کنرانی اور صوبائی لاء آفیسر محمد ایاز خان سواتی کے درمیان اتفاقِ رائے کے بعد عدالت نے کیس کو نمٹا دیا۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ ہیڈ ماسٹرز کی آسامیوں پر تقرریاں حکومتِ بلوچستان کے مقررہ قواعد، متعلقہ اپنڈکس شیڈول کے سیریل نمبر 9 اور بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے اشتہار میں درج شرائط کے مطابق کی جائیں گی۔فیصلے کے مطابق پبلک سروس کمیشن کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ از خود اضافی معیار یا مضامین شامل کرے۔ عدالت نے واضح کیا کہ 27 جنوری 2025 یا اس کے بعد جاری کسی بھی ایڈنڈم کے تحت شامل کردہ اضافی اہلیت یا شرائط کو نظرانداز کیا جائے گا۔عدالت نے حکم دیا کہ صرف وہی امیدوار تقرری کے اہل ہوں گے جو قواعد 2020 اور اشتہار میں درج معیار پر پورا اترتے ہیں، اور انہی شرائط کی بنیاد پر بھرتیوں کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں