لسبیلہ(بیوروچیف)کوسٹل ہائی وے پر زیرو پوائنٹ کے قریب قائم ٹول ٹیکس کے خلاف مقامی گاڑی مالکان میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ لوکل ڈرائیورز اور رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ٹول پلازہ عملہ انہیں روزانہ کی بنیاد پر بلاجواز تنگ کرتا ہے، حالانکہ وہ اسی علاقے کے رہائشی ہیں اور مقامی سطح پر سفر کرتے ہیں۔متاثرہ افراد کے مطابق، ٹول ٹیکس کی موجودگی نے ان کے معمولاتِ زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر بار گزرنے پر فیس کی ادائیگی اور عملے کے رویے نے ان کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں، جس سے وہ ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔ مقامی افراد نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ لوکل ٹریفک کے لیے کسی قسم کی رعایت یا خصوصی پالیسی موجود نہیں، جو کہ ناانصافی ہے۔شہریوں نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان عالیانی اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ زیرو پوائنٹ کے قریب قائم ٹول ٹیکس کو وہاں سے ہٹا کر لیاری کے قریب کسی مناسب فاصلے پر منتقل کیا جائے تاکہ مقامی آبادی کو ریلیف مل سکے۔

