ایرانی تجاویز احمقانہ ہیں، جنگ بندی معاہدہ بستر مرگ پر آخری سانسیں لے رہا ہے؛ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے پیش کی گئی جنگ بندی تجویز کو احمقانہ اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ “لائف سپورٹ” پر ہے اور کسی بھی وقت ختم ہوسکتا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ میں کہوں گا کہ جنگ بندی معاہدہ آخری سانسیں لے رہا ہے، بالکل اسی طرح جیسے ڈاکٹر آکر کہے کہ آپ کے عزیز کے زندہ بچنے کے امکانات صرف ایک فیصد رہ گئے ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان موجودہ صورتحال انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔

امریکی صدر نے ایران کی جانب سے پیش کیے گئے حالیہ امن منصوبے کو بھی سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بے وقوفانہ تجویز ہے اور کوئی بھی اسے قبول نہیں کرے گا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران نے اپنی نئی تجویز میں ایٹمی ہتھیار نہ بنانے کی بات واضح طور پر نہیں کی۔ اس لیے بھی ایران کے ساتھ جنگ بندی کی صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے۔

سی این بی سی کو انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے شکوہ کیا کہ مجھے کردوں نے بہت مایوس کیا ہے۔ ایران مذاکرات میں ایک مؤقف اختیار کر کے بعد میں اس سے پیچھے ہٹ جاتا ہے۔

صدر ٹرمپ کے بقول ایرانیوں نے کہا کہ امریکا نیوکلیئر مواد لے سکتا ہے لیکن ان ایرانیوں کو خود باہر نکالنا ہوگا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران میں اس وقت اعتدال پسند اور سخت گیر دونوں عناصر موجود ہیں۔ ہم نے ایران کے خلاف اپنے اہداف حاصل کر لیے ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ ایرانیوں نے گزشتہ ہفتوں میں اپنی صلاحیتیں دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کی جسے ناکام بنادیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں