امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 13 سے 15 مئی تک سرکاری دورے پر بیجنگ جائیں گے

چین نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ13 سے 15 مئی تک سرکاری دورے پر بیجنگ جائیں گے جہاں وہ چینی صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ دورہ صدر شی جن پنگ کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ اس ملاقات میں ایران کی صورتحال، تجارتی کشیدگی، تائیوان اور دیگر عالمی معاملات پر بات چیت متوقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دورے کے دوران چین پر ایران سے متعلق دباؤ بڑھانے کی کوشش کریں گے، خاص طور پر ایرانی تیل کی خریداری کے معاملے پر کیوں کہ چین اس وقت ایرانی خام تیل خریدنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے جبکہ امریکا تہران پر اقتصادی دباؤ بڑھا رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس حکام نے اس دورے کو انتہائی اہم علامتی اور سفارتی دورہ قرار دیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق صدر ٹرمپ صرف رسمی ملاقاتوں کے لیے چین نہیں جا رہے بلکہ وہ امریکا کے لیے نئے تجارتی معاہدے اور اقتصادی فوائد حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

یہ دورہ صدر ٹرمپ کی دوسری مدتِ صدارت میں چین کا پہلا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل ان کا دورہ مارچ یا اپریل میں متوقع تھا، تاہم ایران جنگ کی صورتحال کے باعث اسے مؤخر کردیا گیا تھا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق دورے کے دوران صدر ٹرمپ بیجنگ کے تاریخی مقام ٹیمپل آف ہیون کا دورہ بھی کریں گے جبکہ ان کے اعزاز میں ایک سرکاری ضیافت بھی دی جائے گی۔ یہ کسی امریکی صدر کا 2017 کے بعد پہلا دورۂ چین ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں