وزیر اعظم کی بصیرت افروز اسکیم کے تحت ہمیں صوبے کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں میں ہزاروں طلباء اور طالبات کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے پر فخر ہے،گورنر بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی بصیرت افروز لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت ہمیں بلوچستان کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں میں ہزاروں طلباء اور طالبات کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے پر فخر ہے۔ یہ تعلیم دوست اقدام ہمارے نوجوانوں کو پل پل بدلتی دنیا سے جڑنے اور عصرحاضر کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے لیس کریگا۔ اسطرح پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے بلوچستان کے یونیورسٹی اسٹوڈنٹس کیلئے لیپ ٹاپ کا کوٹہ %10فیصد سے بڑھا کر %18فیصد کر دیا جس سے ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دینے کیلئے زیادہ شراکت اور مزید مواقعوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ہم بلوچستان کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کو محفوظ بنانے اور لیپ ٹاپ کا کوٹہ بڑھانے پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور رانا مشہود احمد خان کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں بیوٹمز یونیورسٹی میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، پارلیمانی سیکرٹری ایکسائز محمد خان لہڑی، وائس چانسلر بیوٹمز یونیورسٹی ڈاکٹر خالد حفیظ اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان عبدالناصر دوتانی سمیت یونیورسٹی اسٹوڈنٹس کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔ شرکاء سے خطاب میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ میں پہلے ہی تانگ TANG انٹرنیشنل ایجوکیشن پاکستان اور نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے سربراہان کے ساتھ گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں مل چکا ہوں۔ دونوں کے نمائندے جلد ہی کوئٹہ پہنچیں گے اور اپنے ساتھ تقریباً 100 کے قریب مختلف ٹریڈز لیکر آئیں گے۔ ان مختلف ٹریڈز میں فنی اور تکنیکی لحاظ جدید بلوچستان میں خصوصی ٹریننگ دی جائیگی۔ ٹریننگ کی تکمیل پر زیر تربیت نوجوانوں کو مستند ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ بھی دئیے جائیں گے۔ اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کے پاس ایک کامیاب مستقبل کیلئے جدید مہارت اور مواقع موجود ہیں۔ آپ ان مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے اس بات پر زور دیا کہ آپ بیوٹمز یونیورسٹی کی ایک جدید، عمارت میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، آپ کو اسی جدید بلڈنگ اور سمارٹ گلاسز میں تجربہ کار اساتذہ کی مدد سے ٹریننگ دی جائیگی۔ اگر ڈپلومہ کورسز، آن لائن پروگرام،ز اور پروفیشنل ایجوکیشن کی سہولت بولان میڈیکل یونیورسٹی کی محدود جگہ میں کامیاب ہو سکتی ہے تو بیوٹمز یونیورسٹی اپنی وسیع سہولیات اور تجربہ کار فیکلٹی ممبران کے تعاون سے کیوں حاصل نہیں کر سکتے ہیں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ آپ سے روشن مستقبل کی بڑی امیدیں اور توقعات وابستہ ہیں لہٰذا آپ وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت فراہم کردہ لیپ ٹاپس سے پورا استفادہ کریں، اپنے علم کو بڑھانے، کلاس فیلوز کے ساتھ تعاون کرنے اور اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کیلئے ان کا بھرپور استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی تاریخ اور تہذیب کو تین بڑے انقلابات نے تشکیل دیا ہے پہلا زرعی انقلاب، دوسرا صنعتی انقلاب اور تیسرا انفارمیشن ٹیکنالوجی کا انقلاب۔ مذکورہ تینوں انقلابات میں سے ہر انقلاب نے انسانی سماج، پولیٹکل اکنامی اور روزمرہ کی زندگی پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ ارتقاء اور ترقی کے جاری سفر میں اب ہم بحیثیت انسان ان کے چوتھے مرحلے یعنی آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور روبوٹکس میں داخل ہو رہے ہیں۔ جیسے جیسے آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور روبوٹکس ہمارے لئے نئے شعبے کھول رہے ہیں، وہ ہمیں نئی سوچ و اپروچ اپنانے پر مجبور بھی کر رہے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ لیپ ٹاپ دراصل اپنے لیے نئے تعلیمی امکانات اور آن لائن روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ایک مؤثر اور معتبر وسیلہ ہے۔ ہزاروں سنہرے مواقع اور سہولیات اب آپ سے صرف ایک بٹن کلک کے فاصلے پر ہے لہٰذا آپ آن لائن دستیاب لاکھوں کتابوں سے فائدہ اٹھائیں، اپنی ذہنی سطح بلند کریں اور تمام دانشورانہ اور فلسفیانہ افکار و خیالات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے بیوٹمز یونیورسٹی کے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں