پسنی میر حمل کلمتی کا آر ایچ سی کا دورہ، ہسپتال کی خستہ حالی اور سہولیات کے فقدان پر شدید برہمی

پسنی(رپورٹر) سجاد محمد علی/ سابق صوبائی وزیر اور میر حمل کلمتی نے آج رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) پسنی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال کی مجموعی صورتحال، خستہ حال عمارت اور بنیادی طبی سہولیات کے فقدان پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران اے ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ نے انہیں ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرایا اور درپیش مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتال میں ایکسرے مشین، سی بی سی اور ڈینٹل مشینیں عرصہ دراز سے خراب ہیں، جبکہ فرنیچر، ایئر کنڈیشنرز اور دیگر ضروری طبی آلات کی بھی شدید کمی کا سامنا ہے۔
میر حمل کلمتی کو مزید بتایا گیا کہ بجلی کی مسلسل بندش اور انٹرنیٹ سہولت نہ ہونے کے باعث ہسپتال کے امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ فارمیسی کی غیر تسلی بخش صورتحال اور ایکسرے روم کی انتہائی خستہ حالی بھی توجہ کا مرکز بنی رہی۔
اس موقع پر چیئرمین پسنی میر نور احمد کلمتی نے سابق ایم پی اے کو آگاہ کیا کہ ڈی ایچ او گوادر کے حالیہ اقدامات کے تحت پسنی ہسپتال کے ڈی ڈی او (DDO) پاور کو ختم کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈیوٹی پر موجود حاضر ملازمین کی تنخواہوں سے بھی کٹوتیاں کی جا رہی ہیں، جس سے عملے میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
میر حمل کلمتی نے ہسپتال کی ابتر صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ ان تمام مسائل سے سیکرٹری ہیلتھ بلوچستان مجیب الرحمان پانزئی اور متعلقہ اعلیٰ حکام کو فوری طور پر آگاہ کریں گے تاکہ پسنی کے عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
دورے کے موقع پر ضلعی چیئرمین گوادر شئے مختار، چیئرمین پسنی میر نور احمد کلمتی، سابق چیئرمین سعید فیض ایڈووکیٹ، بی این پی کے ضلعی صدر ماجد سہرابی، ضلعی جنرل سیکرٹری امان جمعہ، میر انور، سیٹھ ولی محمد، کیپٹن کریم بخش، لالا مراد جان، خلیل بختی اور ماسٹر حنیف محمد سمیت دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں