سبی(رپورٹر)کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل تعلیم اور آن لائن ذرائع آمدن وقت کی اہم ضرورت بن چکے ہیں خواتین کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرکے انہیں معاشی طور پر خودمختار بنایا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی میں منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ “ای لرننگ اینڈ ارننگ” سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ورکشاپ کا انعقاد کمشنر سبی ڈویژن، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سبی اور وومن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سبی کی جانب سے ویلفیئر اینڈ امپاورمنٹ بلوچستان (WEB) کے تعاون سے کیا گیا۔ پروگرام کے آرگنائزر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سبی امجد جاوید لاشاری تھے جبکہ ورکشاپ میں میر چاکر خان رند یونیورسٹی کی طالبات سمیت خواتین، طالبات، نے شرکت کی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں خصوصاً خواتین میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں جدید تقاضوں کے مطابق تربیت اور مواقع فراہم کیے جائیں انہوں نے کہا کہ ای لرننگ اور فری لانسنگ کے ذریعے گھر بیٹھے باعزت روزگار حاصل کیا جاسکتا ہے اور حکومت بلوچستان خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سبی امجد جاوید لاشاری نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد خواتین میں ڈیجیٹل لٹریسی کو فروغ دینا، انہیں آن لائن تعلیم اور کمائی کے مواقع سے آگاہ کرنا اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تربیتی پروگرام مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے تاکہ نوجوان نسل کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جاسکے۔ورکشاپ کے دوران شرکاء کو ای لرننگ، فری لانسنگ، آن لائن اسکلز، سوشل میڈیا کے مثبت استعمال اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے استفادہ کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ مقررین نے خواتین کی تعلیم، خودمختاری اور معاشی استحکام میں ٹیکنالوجی کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔آخر میں مہمانِ خصوصی کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کامیاب ورکشاپ کے انعقاد پر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سبی امجد جاوید لاشاری اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

