کوئٹہ(م ڈ)بلوچستان اسمبلی کا اجلاس دو دن کے وقفے کے بعد آج سہ پہر تین بجے ہوگا ،جس میں جماعت اسلامی کے رکن ہدایت الرحمن بلوچ گبد بارڈر پر پینے کے صاف پانی ، بجلی ، انٹرنیٹ کی فراہمی اور رابطہ سڑکوں کی تعمیر کیلئے عملی اقدامات اٹھانے اور گبد بارڈر کو مکمل طور پر فعال کرنے ،وومن پارلیمانی کاکس بلوچستان کی جانب سے بلوچستان کے ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر کی سطح پر خواتین کیلئے علیحدہ وومن ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے قیام کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے اورنیشنل پارٹی کے رحمت صالح بلوچ گڈانی ساحل سے لے کر گوادر جیوانی کو بحیرہ بلوچ کے نام سے منسوب کرنے سے متعلق قراردادیں پیش کریں گے ۔اجلاس میں بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے رکن اسمبلی میر اسداللہ بلوچ پی بی 29 پنجگور کے لئے مالی سال 2024-25 کے ترقیاتی فنڈز جاری نہ کرنے اور رکن اسمبلی مولوی نوراللہ قلعہ سیف اللہ میں زمینوں کی الاٹ منٹ سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹسز پیش کریں گےجبکہ وزیر داخلہ بلوچستان لیویز فورس کا ترمیمی مسودہ قانون مصدرہ2026(مسودہ قانون نمبر 07 مصدرہ 2026) اور بلوچستان جیلوں اور قیدیوں کی اصلاحی سروس کا مسودہ قانون مصدرہ2026 مسودہ قانون نمبر 08 مصدرہ 2026ء کو منظوری کیلئے پیش کریں گے ۔وقفہ سوالات میں محکمہ پی اینڈ ڈی اور محکمہ کھیل سے متعلق سوالات کے جوابات دیئے جائیں گے۔

