صحبت پور میں فلاحی اقدام، عوامی خدمت کیلئے ایمبولینس فراہم

صحبت پور (رپورٹر) ضلع صحبت پور میں عوامی محرومیوں اور بنیادی سہولیات کی کمی کو دیکھتے ہوئے مختلف این جی اوز اور سماجی شخصیات فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں پی پی ایچ آئی کے ایڈمن، محنتی اور عوامی درد رکھنے والے عرفان خان کھوسہ ایمبولینس حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
کراچی کے ایک مخیر ڈونر نے بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عوامی خدمت کیلئے ایمبولینس فراہم کی۔ اس فلاحی اقدام کے تحت درگی میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے روحِ رواں فری کسان نری پاکستان ڈیرہ بگٹی کے مسیکف بگٹی غلام سرور کھوسہ تھے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی جنید نذیر بورڈ ممبر تھے جبکہ اعزازی مہمان اسسٹنٹ کمشنر سیف الدین خان کھوسہ تھے۔ اس موقع پر غلام سرور کھوسہ، گہنور خان سیال، شاہد خان سیال، پروفیسر سمیع اللہ خان کھوسہ سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ عوامی خدمت ہی اصل کامیابی کا راستہ ہے اور دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع خصوصاً صحبت پور اور ڈیرہ بگٹی کے عوام کو بے شمار مشکلات کا سامنا ہے، تاہم درگی کے عوام خوش قسمت ہیں کہ انہیں ایسے فلاحی منصوبے میسر آرہے ہیں۔
مقررین نے مزید کہا کہ اگر نیت خالص ہو تو اللہ تعالیٰ ضرور کامیابی عطا کرتا ہے، اس لیے معاشرے کے ہر فرد کو عوامی خدمت کو اپنا مشن بنانا چاہیے۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں