اوتھل میں ناجائز تجاوزات کی بھرمار، کوئی پوچھنے والا نہیں،شہری پریشان

لسبیلہ(رپورٹ حفیظ دانش) اوتھل شہر میں ناجائز تجاوزات کی بھرمار نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ شہر کی اہم شاہراہوں، بازاروں اور گلی محلوں میں جگہ جگہ قائم تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے جبکہ پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ دکانداروں اور ٹھیلہ مالکان نے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قبضہ جما رکھا ہے، جس کی وجہ سے آئے روز ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔ شہریوں نے شکایت کی ہے کہ متعلقہ ادارے صورتحال سے باخبر ہونے کے باوجود خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔مقامی شہریوں کے مطابق اسکول جانے والے طلبہ، خواتین اور بزرگ افراد کو آمد و رفت میں شدید دشواری پیش آ رہی ہے۔ کئی مقامات پر تجاوزات کی وجہ سے حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیاہےعوامی و سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناجائز تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کیا جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے اور شہر کی خوبصورتی بحال ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں