خالق آباد(رپورٹر) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا حالیہ فیصلہ حق و سچ کی فتح اور عوامی مینڈیٹ کی حقیقی ترجمانی ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے ڈویژنل صدر بابو رمضان لانگو، میر عبدالمالک لانگو، انجنیئر ریاض لانگو، عنایت اللہ بابر، چیئرمین ذوالفقار علی نیچاری، علی خان لہڑی، مقبول احمد نیچاری، محمد علی لانگو سمکزئی، آصف حنیف لانگو اور نیاز غنی بلوچ نے اپنے مشترکہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے ہمیشہ بلوچستان خصوصاً قلات اور خالق آباد کے عوام کی بے لوث خدمت کو اپنی سیاست کا محور بنایا۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ قلات و خالق آباد کے عوام آج بھی میر ضیاءاللہ لانگو پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور ان کی قیادت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے عوامی مسائل کے حل، امن و امان کے قیام، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے، جس کی بدولت عوام کی بھرپور حمایت انہیں حاصل ہے۔ مخالفین نے ذاتی مفادات کی خاطر بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے کی کوشش کی، تاہم الیکشن کمیشن کے فیصلے نے تمام منفی ہتھکنڈوں کو مسترد کرتے ہوئے حقیقت عوام کے سامنے واضح کر دی۔ رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی عوامی خدمت، سیاسی استحکام اور صوبے کی ترقی کے مشن پر پہلے سے زیادہ متحد ہو کر آگے بڑھے گی انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا اور قلات و خالق آباد سمیت پورے بلوچستان کے عوام کے حقوق کے تحفظ اور ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

