گوادر (این این آئی)وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیرِ صدارت میری ٹائم ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے قیام سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں میری ٹائم سیکٹر میں تعلیمی ترقی، اسکالرشپس اور افرادی قوت کی تربیت کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں نورالحق بلوچ نے مجوزہ فنڈ کے خدوخال اور اس کے انتظامی و مالی ڈھانچے پر جامع بریفنگ دی۔اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ فنڈ کو 10 رکنی بورڈ کے ذریعے شفاف اور پیشہ ورانہ انداز میں چلایا جائے گا، جبکہ اس میں سرکاری و نجی شعبوں کے ماہرین اور خواتین کی نمائندگی بھی شامل ہوگی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ فنڈ کے تحت میری ٹائم سیکٹر میں نوجوانوں کیلئے ملکی و بین الاقوامی اسکالرشپس متعارف کرائی جائیں گی تاکہ انہیں عالمی معیار کی تعلیم اور تربیت فراہم کی جا سکے۔وفاقی وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ بلیو اکانومی کے عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ جدید تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت میری ٹائم شعبے میں انسانی وسائل کی استعداد بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید میری ٹائم تعلیم اور صلاحیت سازی کے خصوصی پروگرام بھی شروع کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنایا جا سکے۔چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے اجلاس کو بتایا کہ آئندہ 10 برسوں میں اس فنڈ کے ذریعے تقریباً 65 ہزار طلبہ و طالبات مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری ٹائم سیکٹر میں تربیت یافتہ افرادی قوت نہ صرف ملکی ترقی میں کردار ادا کرے گی بلکہ پاکستان کی عالمی سطح پر مؤثر نمائندگی بھی کرے گی۔اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیرِ بحری امور نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فنڈ کے قانونی اور انتظامی مراحل جلد از جلد مکمل کیے جائیں تاکہ منصوبے پر عملی پیش رفت کا آغاز کیا جا سکے۔

