کوئٹہ (این این آئی) بریوری پولیس نے موٹر سائیکل چوروں اور چھیننے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے موٹر سائیکل چوری کیس میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں قاہر ولد کلیم اللہ سکنہ ژوب اور ابراہیم ولد محمد جان سکنہ نواں کلی کوئٹہ شامل ہیں۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 17/26 بجرم دفعہ 381-A تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے اعتراف کیا کہ تین روز قبل انہوں نے کینٹ ایریا ہزارہ سوسائٹی سے ہنڈا 125 موٹر سائیکل چوری کی تھی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دورانِ تفتیش کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

