لیڈی پولیس کانسٹیبل شکیلہ کی نماز جنازہ پولیس لائن تربت میں ادا کی گئی

تربت (این این آئی)تربت میں آفیسر ریسرچ فارم کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں لیڈی پولیس کانسٹیبل شکیلہ زوجہ سنیل جاں بحق ہوگئیں جبکہ ان کے شوہر سنیل اور پانچ سالہ بیٹا ابیاس زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعے میں آٹھ ماہ کا بچہ محفوظ رہا۔پولیس ذرائع کے مطابق لیڈی پولیس کانسٹیبل شکیلہ اپنے شوہر اور بچوں کے ہمراہ گھر سے عدالت میں ڈیوٹی دینے جا رہی تھیں کہ راستے میں نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی اور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔واقعے کے فوراً بعد مقامی افراد نے مقتولہ اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے دوسری جانب جاں بحق لیڈی پولیس کانسٹیبل شکیلہ کی نماز جنازہ پولیس لائن تربت میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ ایس پی کیچ ذوہیب محسن ڈی ایس پی محسن بلوچ، ڈی ایس پی خالد، ڈی ایس پی لال جان اور ایس ایچ او عبدالغفار دشتی سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔ایس پی کیچ ذوہیب محسن نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حملے کی باریک بینی سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں