ورلڈ ہائی بلڈ پریشر ڈے کے موقع پر پبلک ویلفیئر ہسپتال سوئی میں آگاہی پروگرام کا انعقاد

سوئی(رپورٹر)پبلک ویلفیئر ہسپتال سوئی، جو کہ انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے زیرِ انتظام ہے، میں ورلڈ ہائی بلڈ پریشر ڈے کے موقع پر ایک آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا جس کا مقصد ہائی بلڈ پریشر کی روک تھام، بروقت تشخیص اور مؤثر علاج سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنا تھا۔

اس پروگرام میں تمام شعبہ جات کے سربراہان، میڈیکل آفیسرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور نرسنگ اسٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر عبدالوسیع ، اسپیشلسٹ کارڈیالوجسٹ نے شرکاء کو ہائی بلڈ پریشر کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے بیماری کی وجوہات، خطرات، علامات، احتیاطی تدابیر اور بروقت تشخیص کی اہمیت پر جامع گفتگو کی۔

پروگرام کے دوران ہسپتال میں بلڈ پریشر اسکریننگ کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں افراد نے اپنے بلڈ پریشر کا معائنہ کروایا اور طبی ماہرین سے رہنمائی حاصل کی۔

ہسپتال انتظامیہ نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں، بلڈ پریشر کی باقاعدگی سے جانچ کروائیں اور صحت مند طرزِ زندگی اپنائیں تاکہ پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔

پروگرام کے اختتام پر شرکاء اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا گیا جنہوں نے عوامی آگاہی کے اس اہم اقدام کو کامیاب بنایا۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں