سبی(رپورٹر)سیاسی، سماجی اور قبائلی معتبر شخصیت و جنرل کونسلر میونسپل کمیٹی سبی میر حبیب الرحمن رند اور سیاسی و سماجی شخصیت یو سی تلی کے کونسلر سعید احمد سیلاچی نے ورکنگ جرنلسٹ میڈیا آفس سبی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نئی کابینہ کی تشکیل پر عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور آواز ہوتے ہیں جو عوامی مسائل کو اجاگر کرکے حکام بالا تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔وفد کی آمد پر ورکنگ جرنلسٹ میڈیا آفس کی کابینہ نے معزز مہمانوں کا پرتپ اک استقبال کیا اور ان کی آمد کو صحافی برادری کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا۔ ملاقات کے دوران علاقائی مسائل، صحافتی سرگرمیوں، نوجوان صحافیوں کو درپیش مشکلات اور سبی میں مثبت صحافت کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔میر حبیب الرحمن رند اور سعید احمد سیلاچی نے اس موقع پر یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وہ صحافی برادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت معاشرے کی ترقی اور عوامی شعور کی بیداری کے لیے ناگزیر ہے۔ملاقات کے دوران کچھی پریس کلب کے صدر رئیس فرحان جمالی اور علی نواز ابڑو بھی موجود تھے جبکہ شرکاء نے باہمی تعاون اور اتحاد کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

