خود کش حملے میں بے گناہ شہریوں کی شہادت قابل مذمت ہے،لالہ یوسف خلجی

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کوئٹہ میں ٹرین پر خود کش حملے اور صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے جس سے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے،بلوچستان میں جب بھی پیپلزپارٹی کی حکومت قائم ہوئی صوبے میں حالات خراب ہوئے ہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کوئٹہ میں ٹرین پر خود کش حملے میں درجنوں افراد کی شہادت اور زخمی ہونے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصراپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے بے گناہ اور معصوم شہریوں کو دہشت گرد کا نشانہ بنارہے ہیں سیکورٹی فورسز دہشتگردی کے واقعات میں ملوث عناصرکے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائیں۔انہوں نے کہا کہ اسوقت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں حکومت کی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی ہے آئے رو ز دہشت گردی کے واقعات میں بے گناہ شہریوں اور مزدوروں کو شہید کیا جاتا ہے لیکن حکومت ان واقعات میں ملوچ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے میں ناکام نظرآتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو طعنے دیتے ہیں کہ جب بھی صوبے میں پیپلز پارٹی کی حکومت آتی ہے صوبے کے حالات خراب ہوتے ہیں اور دہشتگردی میں اضافہ ہوجاتا ہے ہم پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اورصدر مملکت آصف علی زرداری سے یہ سوال کرتے ہیں کہ وہ بلوچستان کے عوام کو بتایا کہ بلوچستا ن میں جب بھی پیپلز پارٹی برسراقتدارآئی ہے صوبے میں امن وامان کی صورتحال خراب کیوں ہوتی ہے کیا پیپلز پارٹی کی حکومت صوبے کے حالات کو کنٹرول نہیں کرسکتی ہے۔ انہوں نے ٹرین پر خود کش حملے اوردیگر دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ خود کش حملے کے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہتر سے بہتر سہولیات کو یقینی بنایا جائے اگرضرورت پڑے تو انہیں علاج کیلئے دوسرے صوبوں کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں