کوئٹہ(این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیراحمد کاکڑ، شیخ مولانا عبدالاحد، حافظ دوست محمد مینگل، مولانا محمد سلیمان، مولانا حفیظ اللہ، مولانا بصیراحمد، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، سیکرٹری مالیات حاجی صالح محمد، عبدالصمد حقیار، مفتی ابوبکر اور مفتی رشیداحمد حقانی نے کہا ہے کہ عوام پر مسلط فارم 47 کی پیداوار حکومت صوبے کے وسائل کو بے دریغ لوٹنے میں مصروف ہے۔ بلوچستان کے عوام کے حقیقی نمائندوں کو دیوار سے لگاکر ایسے عناصر کو اقتدار سونپا گیا ہے جو میر جعفر اور میر صادق کے کردار کی یاد تازہ کرتے ہوئے قومی امانتوں اور عوامی حقوق کا سودا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقتدار پر قابض چہروں نے ہمیشہ بعض قوتوں کی خوشنودی اور ذاتی مفادات کے حصول کی خاطر قومی مفادات، نظریاتی اصولوں اور عوامی امنگوں کو قربان کیا ہے جس کے نتیجے میں بلوچستان پسماندگی بے روزگاری اور احساسِ محرومی کا شکار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے حقوق، وسائل اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے صفِ اول کا کردار ادا کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی ہر جمہوری آئینی اور سیاسی فورم پر صوبے کے حقوق کی توانا آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق یہاں کے عوام کا ہے اور اس حق پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔

