اسرائیل-لبنان جنگ بندی کے بعد تیل کی قیمت میں کمی آگئی

اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے اعلان کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل قیمت میں 3.1 فیصد سے زائد کمی آگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے ساتھ ہی ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کے امکانات وسیع ہوگئے ہیں، جس کے نتیجے میں آبنائے ہرمز کی بحالی کے امکانات ہوسکتے اور انہیں توقعات کی وجہ سے تیل کی قیمتیں گر گئی ہیں۔

برینٹ خام تیل کی قیمت میں 3.05 ڈالر یا 3.1 فیصد کمی آگئی ہے، جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں برینٹ آئل کی فی بیرل قیمت 94.76 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت میں 3.24 ڈالر کی کمی دیکھی گئی ہے جو 3.4 فیصد بنتی ہے، اس کمی کے نتیجے میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی فی بیرل قیمت 92.78 ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔

قبل ازیں گزشتہ روز ایران کے کویت پر حملوں اور امریکا کی جانب سے آبنائے ہرمز کے قریب حملوں کے بعد تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا تھا۔

گزشتہ روز کی کشیدگی کے بعد برینٹ کی قیمت 97.81 ڈالر اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت بڑھ کر 96.02 ڈالر فی بیرل ہوگئی تھی۔

عالمی مارکیٹ کے تجزیہ کار جان ایوانز کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ایران کا اصرار تھا کہ لبنان پر اسرائیلی حملے بند کیے جائیں، اس کا مطلب ہے حزب اللہ پر حملے نہ کیے جائیں اور ایسا لگتا ہے اس پر پیش رفت ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں