امریکا، اسرائیل اور ایران تحمل کا مظاہرہ کریں، جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں؛ چین

چین نے امریکا، اسرائیل اور ایران سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اور عملی اقدامات اُٹھانے کی اپیل کی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جیان نے کہا ہے کہ خطے میں جاری تنازع، جس میں امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی شامل ہے گزشتہ 3 ماہ سے خلیجی ممالک اور وسیع تر مشرق وسطیٰ کو شدید متاثر کر رہا ہے۔

ان کے بقول فوجی کارروائی کسی بھی صورت میں ممالک کے درمیان اختلافات کا حل نہیں ہو سکتی اس لیے تمام فریقین کو تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

چینی ترجمان نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال خاص طور پر اس وقت حساس ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری ہے۔ لہٰذا کوئی بھی ایسا اقدام نہیں ہونا چاہیے جو دوبارہ فوجی تصادم کو بھڑکائے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ خطے کے ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کا احترام ہر صورت میں ضروری ہے اور انہیں برقرار رکھا جانا چاہیے۔

چین نے زور دیا کہ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے کشیدگی کم کرنے اور سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ میں یہ جنگ اس وقت شروع ہوئی تھی جب امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران پر مشترکہ حملہ کیا تھا جس میں آیت اللہ خامنہ ای سمیت عسکری قیادت شہید ہوگئی تھی۔

اس کے بعد ایران نے آبنائے ہرمز کو بند کردیا تھا جس کے باعث دنیا بھر میں پیٹرول کی ترسیل میں رکاوٹ پیدا ہوگئی اور تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔ جواب میں امریکا نے بھی ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کر رکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں