حملہ آوروں کو آج رات جواب مل گیا: مشیر ایرانی سپریم لیڈر

امریکہ اور ایران میں جنگ کے تناظر میں مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کی لائیو اپ ڈیٹس


ایران کے اسرائیل پر میزائل حملے

اسرائیل نے کہا ہے کہ ایران نے اس پر میزائل داغے ہیں، جو اپریل میں جنگ بندی کے بعد پہلا ایسا حملہ ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اسرائیلی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ایران سے داغے گئے میزائلوں کو فضا میں ہی ناکارہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی پہلے ہی انتہائی نازک صورتحال اختیار کر چکی ہے اور حالیہ جنگ بندی کے باوجود فریقین کے درمیان تناؤ برقرار ہے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایران کے انقلابی گارڈز نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کو لبنان پر اپنے حملے بند کرنے چاہییں اور اگر وہ اپنے حملوں میں توسیع کرتا ہے یا ایران کی کارروائیوں کا جواب دیتا ہے تو اسے ’مزید تباہ کن اور پچھتاوے سے بھرپور ضربوں‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایران کے رہبر اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کے فوجی مشیر محسن رضایی نے ایکس پر کہا ’ایران نے بارہا اعلان کیا ہے کہ وہ لبنان کے خلاف جنگ بندی کی خلاف ورزی یا جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا۔ آج رات حملہ آوروں کو ان کا جواب ملا۔ یہ جواب ان کے لیے ایک انتباہ ہے کہ وہ اپنی جارحیت سے باز رہیں۔ ہر نئی کارروائی پر زیادہ بھرپور ردعمل اور بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘


ایران سے جلد ’بڑا معاہدہ‘ متوقع: امریکی وزیر جنگ

امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ اگرچہ امریکہ اور ایران کے درمیان جلد ہی ایک ’بڑے معاہدے‘ کا قوی امکان ہے، تاہم اگر مذاکرات ناکام ہوتے ہیں تو محکمہ جنگ (وزارت دفاع) یہ یقینی بنانے کے لیے ’ہر ضروری قدم اٹھانے‘ کو تیار ہے کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہیگستھ نے بتایا کہ اس وقت امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی ہے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس معاملے پر ’بالکل واضح‘ ہیں۔

وزیرِ جنگ نے مزید کہا ’صدر امریکہ کے لیے ایک ایسا بہترین معاہدہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں جو یہ یقینی بنائے کہ وہ (ایران) کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکیں۔‘

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بحری جہازوں کی آمد و رفت جاری ہے اور امریکہ ایرانی جارحیت کی صورت میں اس کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا، ’لیکن بالآخر، ہمارا خیال ہے کہ ایک معاہدہ، ایک بڑا معاہدہ، جلد ہونے کا امکان ہے۔‘ اے ایف پی


معاہدے سے پہلے ایران کے منجمد اثاثے بحال نہیں کریں گے: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں واضح کیا ہے کہ وہ تہران کے ساتھ کسی حتمی معاہدے تک پہنچنے سے پہلے ایران کے منجمد اثاثے بحال نہیں کریں گے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ کسی ممکنہ معاہدے کے حصے کے طور پر ایرانی اثاثوں کو بحال کرنے یا ایران پر عائد کچھ پابندیاں ہٹانے کے لیے تیار ہوں گے، تو صدر ٹرمپ نے جواب دیا ’نہیں۔‘

امریکی ٹی وی چینل ’این بی سی‘ کو دیے گئے انٹرویو میں— جو جمعہ کے روز ریکارڈ کیا گیا تھا— ٹرمپ کا کہنا تھا ’(اثاثوں کی بحالی) معاہدے کے بعد ہو گی۔ اگر وہ اچھا رویہ اختیار کرتے ہیں اور بہتر کام کرتے ہیں، تو ہم بات چیت شروع کریں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا ’اگر اب ہمارا معاہدہ ہو جاتا ہے تو ہم دوست بن جائیں گے، اور ہم سب مل کر اس یورینیم کو حاصل کرنے کے لیے جائیں گے، ہم اسے باہر نکالیں گے اور تباہ کر دیں گے۔‘ اے ایف پی


لبنان: اسرائیل کا صور اور اطراف کے مکینوں کو فوری انخلا کا انتباہ

اسرائیلی فوج نے اتوار کو جنوبی لبنان کے ساحلی شہر صور اور اس کے نواحی علاقوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر اپنے گھروں سے نکل جانے کی وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دریائے زہرانی کے شمال میں منتقل ہو جائیں۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان اویخائے ادرعی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں خاص طور پر شہر صور اور اس کے اطراف واقع البص اور زقوق المفدی پناہ گزین کیمپوں کے رہائشیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ حزب اللہ کے عناصر، تنصیبات یا عسکری وسائل کے قریب موجود ہوں گے، وہ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالیں گے۔

بیان کے ساتھ ایک نقشہ بھی جاری کیا گیا جس میں ان علاقوں کی نشاندہی کی گئی جنہیں خالی کرنے کا کہا گیا ہے۔

یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں میں شدت دیکھی جا رہی ہے اور علاقے میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ لبنان میں حالیہ دنوں کے دوران متعدد اسرائیلی حملوں میں سینکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔


خان یونس میں پولیس سٹیشن پر اسرائیلی حملہ، پانچ فلسطینی جان سے گئے

جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں ایک پولیس اسٹیشن پر اتوار کو اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں پانچ فلسطینی جان سے گئے اور کم از کم 16 زخمی ہو گئے۔

یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب مصر میں امریکی ثالثی کے تحت طے پانے والے نازک جنگ بندی معاہدے کو بچانے کے لیے مذاکرات کا ایک نیا دور شروع ہو رہا ہے۔

حماس کے پریس ترجمان حازم قاسم نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی پیش رفت کے لیے غزہ پر اسرائیلی حملوں کا فوری خاتمہ ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی اس جنگ میں اب تک غزہ کے شعبہ صحت کے مطابق تقریباً 73,000 فلسطینی قتل ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔


فیلڈ مارشل کا سپریم لیڈر کے لیے خصوصی خط لے کر تہران آیا ہوں: محسن نقوی

پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتے کی شب تہران پہنچنے کے بعد کہا کہ وہ موجودہ صورت حال کے حوالے سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خصوصی خط اور وزیر اعظم شہباز شریف کا پیغام لے کر تہران پہنچے ہیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے ایرنا نے وزارت داخلہ کی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں تہران آمد کے بعد محسن نقوی نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ’آیت اللہ مجتبیٰ خمنہ ای کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خط لے کر آیا ہوں۔‘

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم شہباز شریف کا پیغام بھی لائے ہیں۔

’میرے خیال میں یہ بہت اہم پیغام ہے۔ مجھے امید ہے کہ صورت حال جلد بہتر ہو جائے گی۔‘

قبل ازیں محسن نقوی نے ہفتے کی رات ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے ملاقات کی۔

پاکستانی وزیر داخلہ سے ملاقات کے بعد اسکندر مومنی نے کہا کہ پاکستان ایک بہت بڑا ملک ہے اور ہماری ایک مشترکہ مذہبی اور ثقافتی تاریخ ہے اور ہماری آپس میں بہت سی چیزیں مشترک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمارا دوست، بھائی اور پڑوسی ہے۔


آبنائے ہرمز میں جہازوں پر حملہ کرنے والے دو ایرانی ڈرون تباہ کر دیے: امریکی فوج

اے ایف پی کے مطابق امریکی فوج نے ہفتے کی رات کہا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے لیے خطرہ بننے والے دو ایرانی حملہ آور ڈرونز مار گرائے ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں نئے سرے سے اضافے کے بعد متحارب افواج کے درمیان تازہ ترین جھڑپ ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر کہا کہ ’آج اس سے قبل، مشرق وسطیٰ میں امریکی افواج نے دو ایرانی ون وے حملہ آور ڈرونز کو مار گرایا جنہوں نے آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی سمندری ٹریفک کو خطرے میں ڈال دیا تھ

’امریکی افواج ایرانی جارحیت کے خلاف دفاع کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے مستعد اور تیار ہیں۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں