کوئٹہ(این این آئی)فوکل پرسن پرائم منسٹر یوتھ پروگرام و پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے موجودہ معاشی حالات کے باوجود ایک بہترین، متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے جس کا مقصد معیشت کو مستحکم کرنا اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے، بجٹ میں تنخواہ دار طبقے، کسانوں، صنعتکاروں اور کاروباری برادری سمیت تمام شعبوں کی ضروریات کو مدنظر رکھا گیا ہے، حکومت نے کم آمدنی والے طبقے پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں جبکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بھی موثر پالیسیاں متعارف کرائی گئی ہیں،ایک متوازن اور اچھا بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو مبارکباد کی مستحق ہے۔ مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو تیسرا وفاقی بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ریلیف بجٹ معاشی بہتری کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔انہوں نے کہاکہ حالیہ بجٹ سے تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنے، صنعتی، زرعی ترقی سے عام آدمی کے لئے آسانیوں پیدا ہونگی اور ہر طبقہ معاشی ترقی میں شامل ہوگا۔۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر وزارت خزانہ نے جو بجٹ پیش کیا ہے اس میں غریب کیلئے باقاعدہ اجرت میں اضافہ کیا گیا ہے، تنخواہ دار طبقہ سب سے بڑا ٹیکس دہندہ ہے اور مہنگائی سے یہی سب سے زیادہ پسنے والا طبقہ ہے حکومت نے ان کی سہولت کیلئے ٹیکسوں میں چھوٹ دی ہے اور تنخواہوں میں اضافہ کرکے عام آدمی اور تنخواہ دار طبقہ کا خیال رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں بہتری کیلئے ٹھوس پالیسی بنائی گئی ہے جس سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور ان کا معیار زندگی بہتر ہوگا، بجٹ سے ہر سطح پر مثبت اثرات ظاہر ہونگے، ہماری درآمدات کے مقابلے میں برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا جس سے پاکستان کے معاشی حالات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت معیشت کی بحالی، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوامی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، حکومت نے محدود وسائل کے باوجود عوامی توقعات کے مطابق بجٹ پیش کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے اور اس کے مثبت اثرات آنے والے دنوں میں ملکی معیشت اور عوامی زندگی پر نمایاں ہوں گے۔

