کوئٹہ(این این آئی) صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سردار عبدالرحمن کھتیران سے صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے ملاقات کی، جس میں آئندہ مالی سال 2026-27کے صوبائی بجٹ، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں وزراء نے جاری ترقیاتی اسکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا۔ اس موقع پر صوبے کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں عوامی خدمات کے دائرہ کار کو وسعت دینے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں عوامی مفاد کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی تاکہ صوبے میں پائیدار ترقی اور خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ جبکہ صوبائی وزیر پی ایچ ای سردار عبدالرحمن کھتیران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی فلاح کے منصوبوں کی مؤثر اور شفاف تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا دونوں وزراء نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی اور بروقت تکمیل سے صوبے کی مجموعی ترقی اور شہریوں کے معیارِ زندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

