ڈاکٹر آفتاب حسین،ڈاکٹر احمد ولی کو پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان کا نام اور پلیٹ فارم استعمال کرنے پر شوکاز

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے)کوئٹہ زون نے کابینہ اور جنرل باڈی کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں ڈاکٹر آفتاب حسین کاکڑ اور ڈاکٹر احمد ولی کو پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان کا نام اور پلیٹ فارم استعمال کرنے پر فائنل شوکاز نوٹس جاری کردیا۔پی ایم اے کوئٹہ زون کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (PMA) کوئٹہ زون جو پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سینٹر اور بلوچستان کے آئین کے مطابق ایک فعال، آئینی اور جمہوری تنظیم کی حیثیت سے اپنے فرائض و ذمہ داریاں سرانجام دے رہی ہے، کابینہ اور جنرل باڈی کے متفقہ فیصلے اور مجاز منظوری کی روشنی میں یہ باضابطہ اعلامیہ جاری کرتی ہے کہ ڈاکٹر آفتاب حسین کاکڑ اور ڈاکٹر احمد ولی کو پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان کے صوبائی نام، لوگو، پلیٹ فارم، لیٹر ہیڈ، نمائندگی اور نیک نامی کے غیر مجاز، غیر قانونی اور غیر آئینی استعمال کے حوالے سے مورخہ 12 جون 2026 کو فائنل شوکاز نوٹس باقاعدہ طور پر جاری کر دیے گئے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ مذکورہ افراد جس صوبائی کابینہ کا حصہ تھے اس کی آئینی مدت سال 2022 میں مکمل ہو چکی تھی جس کے بعد مذکورہ کابینہ کو اس کے اپنے منتخب صدر کی جانب سے آئین کے مطابق تحلیل (Dissolve) کر دیا گیا تھا چنانچہ مذکورہ افراد اس وقت نہ تو پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان کی کسی منتخب کابینہ کا حصہ ہیں اور نہ ہی انہیں تنظیم کی نمائندگی، صوبائی نام، لوگو یا کسی بھی سرکاری حیثیت میں خود کو پیش کرنے کا کوئی آئینی، قانونی یا جمہوری اختیار حاصل ہے اس کے باوجود، مذکورہ ممبران کی جانب سے مختلف فورمز، سوشل میڈیا، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا اور سرکاری سطح پر“پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان”کے صوبائی نام، لوگو، پلیٹ فارم اور نمائندگی کا مسلسل استعمال نہ صرف پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سینٹر اور پی ایم اے بلوچستان کے آئین، تنظیمی نظم و ضبط اور وقار کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ یہ تنظیم کے اندر ایک متوازی اور غیر قانونی ڈھانچہ قائم کرنے کی کوشش کے مترادف بھی ہے جس سے طبی برادری میں انتشار، عوام میں ابہام اور ڈاکٹروں کے اجتماعی مفادات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو رہا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (PMA) کوئٹہ زون جو کہ آئینی طور پر فعال اور نمائندہ ادارہ ہے، ڈاکٹروں کی اس تاریخی، معتبر اور قومی سطح کی تنظیم کے وقار، اتحاد، آئینی بالادستی اور تنظیمی نظم و ضبط پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی لہٰذا ڈاکٹر آفتاب حسین کاکڑ اور ڈاکٹر احمد ولی کو متنبہ اور ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر جاری کردہ شوکاز نوٹس کا تسلی بخش تحریری جواب جمع کروائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان اور سینٹر کے آئین کے تحت دستیاب سخت ترین تنظیمی، تادیبی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں بنیادی رکنیت کی معطلی یا منسوخی، اخراج اور دیگر مناسب قانونی اقدامات بھی شامل ہو سکتے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (PMA) کوئٹہ زون اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ تنظیم کی وحدت، وقار، آئینی بالادستی، جمہوری اقدار اور طبی برادری کے اجتماعی مفادات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، اور کسی فرد یا گروہ کو ذاتی یا گروہی مفادات کی خاطر تنظیم کے نام، ساکھ اور تاریخی حیثیت کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں