محکمہ تعلیم میں بہترین افرادی قوت کی شمولیت ممکن بنانے کیلئے حقدار، اہل اور میرٹ پر پورا اترنے والے امیدواروں کے انتخاب کو یقینی بنایا جائے،کمشنر نصیرآباد

نصیرآباد(این این آئی)کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی زیر صدارت ضلع صحبت پور محکمہ تعلیم کی سی آر سی (CRC) کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن عبدالواسع کاکڑ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر صحبت پور پنھل خان کھوسہ اور کمیٹی کے دیگر اراکین شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران میل اور فیمیل امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 22 امیدواروں نے اپنے اعتراضات اور داد رسی کے حوالے سے کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے۔ کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی کے تمام اراکین نے امیدواروں کے تحفظات اور اعتراضات تفصیل سے سنے جبکہ ان کے متعلقہ دستاویزات اور تعلیمی اسناد کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا۔اس موقع پر کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اعتراضات جمع کرانے والے امیدواروں کی داد رسی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ان کی ڈگریوں و دستاویزات کی مکمل جانچ پڑتال بھی کی جائے تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ میرٹ، شفافیت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا اور تمام فیصلے حکومتی پالیسی، قواعد و ضوابط اور مروجہ قوانین کے مطابق کیے جائیں گے۔انہوں نے زور دیا کہ حقدار، اہل اور میرٹ پر پورا اترنے والے امیدواروں کے انتخاب کو یقینی بنایا جائے تاکہ محکمہ تعلیم میں بہترین افرادی قوت کی شمولیت ممکن ہو سکے۔ کمشنر نے کہا کہ مفاد عامہ کے تحت تمام اقدامات شفاف انداز میں انجام دیے جائیں گے اور کسی بھی امیدوار کی حق تلفی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں امیدواروں کے اعتراضات کے ازالے اور بھرتیوں کے عمل کو میرٹ کے مطابق مکمل کرنے کے حوالے سے مختلف امور پر بھی غور کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں