ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود اور نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، ڈپٹی کمشنر کیچ

تربت(این این آئی) ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی سربراہی میں دشت ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سنٹر کو فعال بنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امتیاز سخی، ڈرگ سنٹر تربت کے انچارج اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع کیچ میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور علاج کے لیے قائم مراکز کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس دوران ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امتیاز سخی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع کیچ میں تین ڈرگ سنٹرز قائم ہیں جن میں تربت، دشت اور بلیدہ شامل ہیں انہوں نے بتایا کہ تربت سنٹر مکمل طور پر فعال اور عوام کو خدمات فراہم کر رہا ہے جبکہ دشت اور بلیدہ کے مراکز بجٹ کی عدم دستیابی کے باعث غیر فعال ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے کہا کہ منشیات ایک سنگین سماجی مسئلہ ہے اور اس کے خاتمے کے لیے بحالی مراکز کا فعال ہونا ناگزیر ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بجٹ سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور پہلے مرحلے میں دشت ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سنٹر کو فوری طور پر فعال کیا جائے گا جس کے بعد بلیدہ سنٹر کو بھی بحال کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر کیچ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود اور نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ دشت سنٹر کی بحالی کے لیے تمام ضروری انتظامات جلد مکمل کیے جائیں تاکہ متاثرہ افراد کو علاج اور بحالی کی سہولیات میسر آسکیں۔اجلاس کے شرکاء نے ڈپٹی کمشنر کیچ کی عوام دوست اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان مراکز کی بحالی سے ضلع کیچ میں منشیات کے خلاف جاری اقدامات کو مزید تقویت ملے گی اور نوجوانوں کو ایک بہتر اور محفوظ مستقبل فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں