محرم الحرام کے دوران شہر میں صفائی ستھرائی، جلوسوں کے راستوں کی دیکھ بھال اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں عبدالقیوم دہپال

سبی (اللہ داد رند)چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سبی لالا عبدالقیوم دہپال نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران شہر میں صفائی ستھرائی، جلوسوں کے راستوں کی دیکھ بھال اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کی نگرانی اور موجودگی میں شہر بھر بالخصوص جلوسوں کی گزرگاہوں پر صفائی کا عمل تیزی سے جاری ہے تاکہ عزاداروں اور شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لالا عبدالقیوم دہپال نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے میونسپل کمیٹی کی مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو صبح اور شام کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں، مرکزی شاہراہوں، گلی محلوں اور جلوسوں کے راستوں کی صفائی کو یقینی بنائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام عملے کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی اور احساس ذمہ داری کے ساتھ سرانجام دیں۔چیف آفیسر نے مزید کہا کہ جلوسوں کے گزرنے والے راستوں پر روشنی کے مناسب انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں اور اندھیری جگہوں پر نئی لائٹس نصب کی جائیں گی جبکہ خراب اسٹریٹ لائٹس کی مرمت بھی کی جائے گی تاکہ رات کے اوقات میں جلوسوں اور شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کا عملہ محرم الحرام کے دوران مکمل طور پر متحرک رہے گا اور صفائی و روشنی کے انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جائے گی لالا عبدالقیوم دہپال نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر شہر کو صاف ستھرا رکھنا ممکن نہیں، اس لیے شہری بھی صفائی برقرار رکھنے میں میونسپل کمیٹی کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر شہر میں صفائی، ستھرائی اور دیگر بلدیاتی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں