اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے لئے ملکی صنعتوں کی ترقی نا گزیر ہے،ٹیرف ریشنلائزیشن پالیسی کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں ملکی صنعتوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی برآمدات میں صنعت مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے لئے ملکی صنعتوں کی ترقی نا گزیر ہے۔ملکی صنعتوں کو عالمی معیار کے مطابق افرادی قوت اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ٹیرف ریشنلائزیشن پالیسی کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ غیر یقینی صنعتی پالیسیاں صنعتوں کے فروغ میں حائل رہی ہیں۔ ہم ایک مو ثر پالیسی کی بدولت صنعتی ترقی کو نئی بلندیوں پر لے کر جائیں گے۔حالیہ معاشی پالیسیاں ملکی صنعتوں کی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دی گئی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ صنعتی پیداوار میں اضافے اور صنعتوں کو درپیش مسائل کے پائیدار حل کے لئے صنعتی پالیسی کو جلد از جلد مکمل کیا جائے،اجلاس میں وزیراعظم کو ملکی صنعتوں کی ترقی کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ مو ثر صنعتی پالیسی کے ذریعے ملک کی مینوفیکچرنگ سیکٹر کو بحال کیا جائے گا۔وزیر اعظم نے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے صنعتی پالیسی کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔

