ایرانی سپریم لیڈر سید مجتبیٰ خامنہ ای نے صیہونی حکومت کے خلاف حزب اللہ کی ثابت قدم مزاحمت کو سراہتے ہوئے اسے دنیا بھر کی مظلوم اقوام کے لیے آزادی کا ایک طاقتور پیغام قرار دیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر کے دفتر سے جاری بیان میں مجتبیٰ خامنہ ای نے حزب اللہ کے خط کے جواب میں کہا کہ حزب اللہ کا دفاع ایران کی اسٹریٹیجک ذمہ داری ہے، امریکا سے معاہدے میں لبنان پر صیہونی حکومت کی جارحیت کا غیرمشروط خاتمہ بنیادی شرط ہے۔ حزب اللہ اسرائیل اور اس کے حامیوں کی وحشیانہ جارحیت کے مقابلے میں ناقابل تسخیر چٹان کی طرح ڈٹی رہی۔
ایرانی سپریم لیڈرکا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیلی حکومت کے خلاف بڑھتی ہوئی عالمی بے زاری کے باعث اب جہاد اور مزاحمت کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں رہا، اس راہ پر ثابت قدمی بالآخر اللہ تعالیٰ کی وعدہ کردہ فتح کا سبب بنےگی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای کا یہ پیغام حزب اللہ کی جانب سے بھیجے گئے خط کے جواب میں دیا گیا ہے، جس میں حزب اللہ نے سپریم لیڈر سے اپنی وفاداری کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔

